اسلام ٹائمز:پارلیمنٹ ہاوس کے باہر بلوچستان سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی ناصر علی شاہ کے ساتھ ملاقات کے دوران میڈیا سے بات چیت میں رحمان ملک کا کہنا تھا کہ ملک میں جمہوری ادارے کام کر رہے ہیں، ناصر شاہ جن لوگوں کی کی نشاندہی کریں گے ان کیخلاف ایکشن لیا جائے گا۔
اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ بلوچستان کے حالات خراب کرنے میں لشکر جھنگوی ملوث ہے، دہشتگردوں کیخلاف ایف سی اور پولیس کے ذریعے کارروائی جاری ہے۔ پارلیمنٹ ہاوس کے باہر بلوچستان سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی ناصر علی شاہ کے ساتھ ملاقات کے دوران میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوری ادارے کام کر رہے ہیں، ناصر شاہ جن لوگوں کی کی نشاندہی کریں گے ان کیخلاف ایکشن لیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ناصر علی شاہ نے ملک میں جاری بدامنی، لوڈشیڈنگ، مہنگائی اور خصوصاً اختر آباد واقعے کے خلاف اپنا احتجاجی دھرنا بدستور آج بھی جاری رکھا ہوا ہے۔ آج صبح دس بجے جب قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہو ا تو اس موقع پر مختلف ممبران قومی اسمبلی نے ناصر علی شاہ سے اظہار یکجہتی کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کی اسپیشل ایڈوائزر بیگم شہناز وزیر علی نے ناصر علی شاہ ممبر قومی اسمبلی سے دریافت کیا تھا کہ کیا اب تک آپ سے کسی نے حکومت یا پارٹی کی طرف سے رابطہ کیا اور کیا آپ کے مطالبات پورے نہیں کئے گئے۔ اس پر دھرنے میں بیٹھے ممبر قومی اسمبلی نے جواب دیا کہ نہیں اب تک کوئی مطالبہ پورا نہیں کیا گیا اور نہ ہی کسی نے دھرنا ختم کروانے کے لئے رابطہ کیا ہے۔ اس پر وزیر اعظم کی اسپیشل مشیر نے کہا کہ میں اس سلسلے میں آج وزیر اعظم سے بات کرتی ہوں۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے ناصر علی شاہ سے اس سلسلے میں بات چیت کی ہے، جسکے مثبت نتائج سامنے آنے کی امید ہے۔
Islam Times
No comments:
Post a Comment