آخری وقت اشاعت: منگل 6 نومبر 2012 , 15:10 GMT 20:10 PST
گذشتہ کچھ عرصے سے ہزارہ قبیلے کے افراد پر حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کا ایک اور واقعہ پیش آیا ہے جس میں تین افراد ہلاک اور دو زخمی ہوگئے ہیں۔
یہ واقعہ منگل کو کوئٹہ شہر کے علاقے اسپنی روڈ پر پیش آیا۔
پولیس کے مطابق پانچ افراد ایک ٹیکسی میں شہر سے ہزارہ ٹاؤن کی جانب جا رہے تھے کہ نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ٹیکسی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ گولیاں لگنے سے ٹیکسی میں سوار تین افراد ہلاک جبکہ دو زخمی ہوگئے۔
حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جبکہ زخمیوں اور ہلاک ہونے والوں کی لاشوں کو بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کے مطابق ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد کا تعلق ہزارہ قبیلے سے ہے۔
بلوچستان میں ہزارہ قبیلے کے لوگوں کا تعلق شیعہ فرقے سے ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں لیکن یہ فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کا ایک واقع ہے۔
کوئٹہ اور بلوچستان کے دیگر علاقوں میں سنہ دو ہزار کے بعد بڑی تعداد میں لوگ فرقہ وارانہ تشدد میں ہلا ک اور زخمی ہوئے ہیں جن میں سے سے زیادہ تر کا تعلق ہزارہ قبیلے سے ہے۔
بلوچستان کی قوم پرست جماعت ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے اعداد و شمار کے مطابق اب تک قبیلے کے سات سو سے زائد
افراد فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں ہلاک ہوئے ہیں۔
No comments:
Post a Comment