بلوچستان  میں سڑک  اور ریل کا سفر غیر محفوظ ہوتا جارہا ہے۔ اس کا واضح ثبوت مسافر گاڑیوں پر آئے دن ہونے والے بم حملے ہیں ۔گزشتہ ایک سال کے دوران گاڑیوں پر فائرنگ کے آٹھ واقعات رونما ہوئے ، جن میں اب تک 79 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جن میں شیعہ زائرین کی تعداد73 بنتی ہے۔

جمعرات کو بھی ہزار گنجی میں ایسا ہی ایک واقعہ پیش آیا جس میں زائرین کی بس کے قریب دھماکے میں14 مسافر جاں بحق اور2درجن سے زاہد افراد زخمی ہو گئے ۔بس میں ایران سے آنے والے زائرین کی تعداد سب سے زیادہ تھی۔

دھماکے کی نوعیت سے متعلق سی سی پی او کوئٹہ نے میڈیا کو بتایا کہ ایسا لگتا ہے کہ کسی گاڑی کے ذریعے ریموٹ کنٹرول بم دھماکا کیا گیا جس سے زائرین کی بس نشانہ بنی ۔ان کے مطابق دھماکے میں 15 سے 20 کلو گرام دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا ۔ 

بس کی حفاظت کے لیے پولیس موبائل بھی ساتھ تھی جس میں سوار ایک اہلکار جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔ بس میں 40 سے 50 افراد سوار تھے جو ایران میں مقدس مقامات کی زیارت کے بعد واپس کوئٹہ آرہے تھے ۔ ہلاک ہونے والوں میں خواتین بھی شامل ہیں ۔ لاشیں اور زخمی بولان میڈیکل اسپتال منتقل کیے گئے جہاں بیشتر کی حالت نازک ہے۔ 

واقعات کی بنیاد پر جمع کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق جون 2011ء سے جون2012 ء کے دوران مسافر گاڑیوں پرحملوں کی مجموعی تعداد آٹھ ہے جن میں 79افراد افراد لقمہ اجل اور147 سے زائد زخمی ہو گئے ۔

 ان واقعات سے متعلق تفصیلات اس طرح ہیں:

۔22 جون 2011: کوئٹہ کے مغربی بائی پاس سے تفتان ، ایران جانے والی زائرین کی بس پر فائرنگ میں تین افراد ہلاک اور تین زخمی ہو ئے۔

۔30 جولائی 2011: کوئٹہ بس اسٹینڈ پر فائرنگ کر کے ایران جانے والے سات زائرین کو جاں بحق کر دیا گیا۔

۔20 ستمبر 2011 : مستونگ میں ہزارہ برادری کی بس پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے 29 افراد کو جاں بحق کر دیا۔

۔23 ستمبر 2011 : سریاب روڈ پر زائرین کی مسافر وین پر فائرنگ کے نتیجے میں تین افراد ہلاک اور تین زخمی ہو گئے۔

۔4 اکتوبر 2011: مغربی بائی پاس پر زائرین کی بس پر فائرنگ کے نتیجے میں 13 افراد جاں بحق اور سات زخمی ہو گئے۔

۔11 جون 2012 : مستونگ میں کوئٹہ سے نوشکی جانے والی مسافر بس کے قریب ریموٹ کنٹرول دھماکے میں 6 افراد جاں بحق اور چالیس زخمی ہو گئے۔

۔18 جون 2012: کوئٹہ میں ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے طلباء کی بس کے قریب ریموٹ کنٹرول دھماکے میں چار طلبہ جاں بحق اور 65 افراد زخمی ہو گئے۔

۔28 جون 2012 : کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی میں زائرین کی بس کے قریب دھماکے میں 14 افراد جاں بحق اور 30 سے زاہد زخمی ہو گئے۔